گوگل کے نئے آپریٹنگ سسٹم کا نام کٹ کیٹ
انٹرنیٹ کمپنی گوگل نے اعلان کیا ہے کہ اس کے موبائل آپریٹنگ سسٹم اینڈرائڈ کا نیا ورژن نیسلے کی مشہور چاکلیٹ كٹ کیٹ کے نام پر ہوگا۔
یہ نام چونکا دینے والا ہے کیونکہ گوگل نے اشارہ دیا تھا کہ اینڈرائڈ آپریٹنگ سسٹم ورژن 4.4 کا نام ’کی لائم پائی‘ ہو سکتا ہے۔
گوگل نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ دونوں میں سے کوئی بھی فریق ایک دوسرے کو پیسہ نہیں دے رہا ہے۔
اینڈرائڈ گلوبل پارٹنر شپ کے ڈائریکٹر جان لیگر لنگ نے بی بی سی کو بتایا ’اس ڈیل کا سودے بازی یا پیسے سے کوئی لینا دینا نہیں ہے‘۔
ان کے مطابق ’یہ صرف کچھ عجیب اور غیر متوقع کرنے کی نیت سے اٹھایا گیا ایک قدم ہے‘۔
کنسلٹنسی فرم ’پرافٹ‘ کے سائمن مائرز کا کہنا ہے ’اگر آپ کا برانڈ کسی دوسرے برانڈ کے ساتھ جڑ جاتا ہے تو یہ آپ کے اچھے کے ساتھ اس کی بری چیزوں کے ساتھ بھی جوڑ دیتا ہے‘۔
سائمن مائرز کہتے ہیں ’جس برانڈ کے ساتھ آپ نے اپنا برانڈ شامل کیا اگر اس کے ساتھ کچھ کم ہوتا ہے تو ایسا نہیں سوچا جا سکتا کہ اس کا اثر آپ کے برانڈ پر نہیں پڑے گا‘۔
اس سے پہلے نیسلے پر ترقی پذیر ممالک میں بچوں کے دودھ کا پاؤڈر فروخت کرنے کے حوالے سے تنقید کی جاتی رہی ہے۔
نیسلے کو امریکہ میں کتوں کے کھانے میں بیماری پھیلنے کے خدشے کے باعت اپنی متعدد مصنوعات کو واپس لینا پڑا تھا۔
گوگل کے طور طریقے بھی تنقید سے آزاد نہیں ہیں۔ حال ہی میں امریکی حکومت کی ایک رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی کہ اینڈرائڈ فون پر حملہ کرنے والے سافٹ ویئر کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔
گوگل کے اس نئے ورژن کو شروع میں ’كے ایل پی‘ کے نام سے پکارا جا رہا تھا.
اینڈرائڈ گلوبل پارٹنر شپ کے جان لیگر لنگ نے کہا کہ گزشتہ سال ان کی کمپنی نے اپنے نئے ورژن کا نام اس مشہور چاکلیٹ پر رکھنے کا فیصلہ کیا.
جان لیگر لنگ نے کہا ’ہمیں محسوس ہوا کہ کتنے لوگوں نے دنیا میں کی لائم پائی کھایا ہوگا، جہاں ہماری کوڈنگ ہوتی ہے وہاں فرج میں کھانے کی چیزوں میں كٹ کیٹ چاکلیٹ بھی ہوتی ہے۔‘
انھوں نے کہا ’ایک رات کوئی اچانک بولا کہ اس نئے ورژن کا نام كٹ کیٹ کیوں نہ رکھ دیں، اس وقت تک تو ہمیں یہ بھی معلوم نہیں تھا کہ كٹ کیٹ کا نام دراصل کس کمپنی کے پاس ہے پھر ہم نے سوچا چلو نیسلے سے بات کی جائے۔‘
نیسلے کی مارکیٹنگ چیف پیٹرائیس نے بی بی سی کو بتایا ’ہمیں اس حوالے سے فیصلہ کرنے میں صرف ایک گھنٹہ لگا‘۔
انھوں نے کہا ’جب آپ اپنے برانڈ کے بارے میں بات کرنے کا کوئی نیا ذریعہ تلاش کرتے ہیں تو اس میں معمول سے زیادہ خطرات ہوتے ہیں اور یہ ویسا ہی ہے کہ آپ سوئمنگ پول کے قریب یہ سوچتے سوچتے 10 چکر لگاتے کہ پانی گرم ہوگا یا ٹھنڈا لیکن سچ جانے کے لیے آپ کو پانی میں اترنا پڑتا ہے‘۔
اس مہم کے تحت نیسلے اینڈرائڈ کی شکل لیے پانچ کروڑ كٹ کیٹ بار کو بھارت، روس، امریکہ، برطانیہ سمیت 19 ممالک میں متعارف کروائے گا۔